کینیڈا کی خاتونِ اوّل کرونا وائرس کا شکار


کینیڈا میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے دفتر کی جانب سے جمعرات کے روز جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی اہلیہ کا کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “خاتون اول صوفی گریگوری ٹرودو فی الوقت مکمل تنہائی اختیار کریں گی۔ وہ محسوس کر رہی ہیں کہ ان کی حالت بہتر ہے۔ خاتون اول تمام ہدایت کردہ اقدامات پر عمل پیرا ہیں اور ان کی علامات ہلکی پھلکی ہیں۔”

بیان کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی صحت اچھی ہے اور ان پر کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ ڈاکٹروں کی ہدایت کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر وزیراعظم 14 روز کے لیے تنہائی میں رہیں گے۔ وہ گھر پر رہ کر ہی اپنی تمام ذمے داریاں انجام دیں گے۔ ٹروڈو کل کینیڈا کے عوام سے خطاب بھی کریں گے۔

سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صوفی ٹروڈو کی لندن سے واپسی کے بعد اُن پر نزلہ زکام سے ملتی جلتی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

ٹروڈو نے بین الاقوامی قائدین اور سربراہان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم انہوں نے جمعرات اور جمعے کے روز کینیڈا کے صوبوں کے سربراہان کے ساتھ اپنی ملاقاتیں منسوخ کر دیں۔

یاد رہے کہ کینیڈا میں جمعرات کے روز تک کرونا وائرس کے 150 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کیس اونٹاریو اور برٹش کولمبیا میں ہیں۔ کینیڈا میں اب تک کرونا کے سبب ایک شخص فوت ہوا ہے۔

کینیڈا کے صوبے کیوبک میں کرونا کے 13 کیس سامنے آنے کے بعد مقامی حکومت نے متعدد حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ مقامی حکومت نے 250 سے زیادہ افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ جس حد تک ممکن ہو وہ گھر میں رہ کر کام کریں۔

کیبک صوبے کے وزیر اعلی فرنسوا لوگو ن بیرون ملک سے آنے والے اُن تمام افراد سے جن کو زکام سے ملتی جلتی علامات کا سامنا ہے ،،، مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود کو رضاکارانہ طور پر 14 روز تک تنہائی میں رکھیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوگو کا کہنا تھا کہ آئندہ دو ہفتے کرونا وائرس کے بحران کے حوالے سے فیصلہ کن ہوں گے۔

اونٹاریو صوبے میں کرونا کے 60 کیس سامنے آنے کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ اسکولوں کی بندش 5 اپریل تک جاری رہے گی۔

کینیڈا کے مختلف علاقوں میں کرونا وائرس کے سبب مقررہ تقریبات اور سرگرمیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مغربی صوبے سسکیچوان میں اتوار کے روز ہونے والا موسیقی کا مقابلہ “جونو” منسوخ کر دیا گیا۔ اسی طرھ مونٹریال میں 22 مارچ بروز اتوار مقررہ سینٹ پیٹرکس ریلی کو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کیوبک کی حکومت نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ مونٹریال میں 16 سے 22 مارچ تک ہونے والی آئس ڈانسنگ چیمپین شپ منسوخ کر دی گئی ہے۔ ایونٹ کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا اندیشہ تھا۔

کینیڈا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *